باجوڑ ،سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی آمد کی فیک خبر چلانے پر نوجوان گرفتار


باجوڑ (صباح نیوز)سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی آمد کی فیک خبر چلانے پر باجوڑ میں پولیس نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔

حالیہ دنوں میں بھارت، چین اور چلی کی خواتین پاکستانی لڑکوں کی محبت میں پاکستان آچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں غیر ملکی خواتین کی آمد اور ان کی شادیاں کرنے کی خبریں عروج پر ہیں۔گزشتہ روز باجوڑ کی تحصیل سالار زئی کے علاقے تلی کے رہائشی محمد گلاب نے اپنے دوست کے بارے میں مذاق کے طور پر پوسٹ کی تھی کہ ایک برطانوی دوشیزہ ایلا اپنے محبوب سے ملنے کیلئے تلی سلار زئی پہنچ چکی ہے۔

خبر وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو  سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں جس کے بعد پولیس نے محمد گلاب کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اس کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔اہل علاقہ نے محمد گلاب کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے، طنز و مزاح کی خبریں چلنا روز کا معمول بن چکا ہے۔

شہریوں نے مزید کہا کہ پولیس پہلے با وثوق ذرائع سے تصدیق کرے اور اپنے افسران بالا سے ہدایات لیکر کارروائی کرے۔

اہل علاقہ نے کہا کہ اگر آئندہ ایسا کوئی واقعہ ہو تو پولیس کو چاہیے کہ علاقے کے مشران سے بھی تصدیق کرے تاکہ اہل علاقہ کیلئے مسائل کھڑے نہ ہوں۔