ضلع خیبر(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں باڑہ بازار کے مین کمپاؤٖنڈ کے مین گیٹ پرخود کش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10افراد زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکہ دوران تلاشی ہوا۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے دوران تلاشی ایک شخص کو روکا گیا تواس نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ شہید اہلکار کی نعش اور زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔
واضح رہے کہ مین کمپاؤٖنڈ کے اندر تھانہ باڑہ، سی ٹی ڈی کا سیل ، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ ،تحصیلدار باڑہ اوردیگر دفاتر بھی ہیں۔ دھماکہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔