ٹرین کی پابندی وقت 80 فیصد ہوئی، حادثات میں کمی آئی، علی محمد خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاہے کہ 2021 میں ٹرین کی وقت کی پابندی 80فیصد تک پہنچ گئی ہے، حادثات کے تناسب میں بھی کمی آئی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علی محمد خان نے بتایا کہ اس سال 53ٹرین حادثات رونما ہوئے، گزشتہ برس 135 حادثات ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ریل حادثے کم ہوں، انسانی جانیں ضائع نہ ہوں، ریلوے کا استحقاق ہے کہ ٹریک کو محفوظ بنایا جائے۔وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پیٹرولرز کے پاس تکنیکی مہارت نہیں ہوتی تھی، ان کی جگہ گینگ مین رکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان گینگ مین کو ٹریک ٹھیک کرنے کی صلاحیت حاصل ہے، وہ ٹیکنیکل لوگ ہوتے ہیں، یہ سیکورٹی بھی دیں گے اور پیٹرولنگ بھی کریں گے۔علی محمد خان نے بتایا کہ پیٹرولر کو رکھنا یا نہیں رکھنا ریلوے کا انتظامی فیصلہ ہے، ایک سروس لے کر آئے ہیں کہ ٹرین کہاں پہنچی ہے۔وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کا ٹارگٹ 48ارب روپے تھا، اب تک 48اعشاریہ 652ارب روپے حاصل کر چکے ہیں۔