ملک کو ڈیفالٹ سے بچا نے کیلئے بڑی مشکل سے آئی ایم ایف پروگرام کیا،وزیراعظم


تورغر(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام کیا ،پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کررہے تھے، اب 12جولائی کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، انشااللہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوگا، پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کررہے تھے، گزرے وقت پر ماتم کا کوئی فائدہ نہیں،آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،سب کو مل کر پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے فیصلہ کرنا ہوگا، سیاسی قیادت اور ادارے ملکر کام کریں تو پاکستان جلد ترقی کی منازل طے کرے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر میں18ارب روپے کی لاگت سے بننے والے مختلف منصوبوں بشمول تورغر بونیر آر سی سی پل کا سنگ بنیاد رکھا، وزیراعظم کو ضلع تورغر میں کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین و مشران نے ملاقات کی ، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، مشیروزیراعظم انجینئر امیر مقام اور کیپٹن(ر)صفدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تورغر کے مشران نے پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور قیام پاکستان میں قبائلی عمائدین کا خون شامل ہے، عمائدین اور مشران کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوششیں کی جاتیں تو پاکستان سمیت کے پی صوبہ بھی بہت تیزی سے ترقی کرتا لیکن گزرے وقت پر ماتم کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، ہمیں سبق حاصل کرناہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ افسوس ہے یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں، بدقسمتی سے اس ملک میں اقرباپروری اور رشوت پروان چڑھی لیکن ملک بہت تیزی سے آگے کی جانب بڑھے گا اور میرا ایمان ہے پاکستان ضرور بڑی تیزی سے آگے بڑھے گا، ہم سب مل کر فیصلہ کرلیں کہ پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر مصمم ارادہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے تورغر میں دانش اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں درجنوں دانش اسکول بنوائے جہاں یتیم بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بھی غریب کے بچوں کے لیے دانش اسکول بنائے جائیں گے، تعلیم اور صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے۔

سویڈن واقعے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پوری دنیا سراپا احتجاج ہے۔ آئی ایم ایف سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور باہر بیٹھے لوگ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کررہے تھے، بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام کیا کیونکہ ہمیں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا، اب 12جولائی کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، انشااللہ آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اربوں ڈالر مشکل حالات میں فراہم کیے، آرمی چیف عاصم منیر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب لے کر دیے ، سب نے مل کر ملکی ترقی میں کردار ادا نہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی، نواز شریف کے دور کے بعد جو دور شروع ہوا وہ سب جانتے ہیں۔