سائرہ افضل تارڑ کے والد افضل حسین تارڑ انتقال کر گئے،مریم نواز کا اظہار افسوس


 لاہور،حافظ آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے والد اور سینئر ساستدان افضل حسین تارڑ انتقال کر گئے۔سینئر سیاستدان افضل حسین تارڑ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔افضل حسین تارڑ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رہے اور ماضی میں 2 بار رکن قومی اسمبلی بھی رہے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینئر سیاستدان افضل حسین تارڑ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ انکل افضل تارڑ قائد نوازشریف کے قریبی، بااعتماد اور وفاشعار ساتھی تھے، ان کی وفات ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، افضل تارڑ ہمیشہ ایک پرخلوص اور وفادار ساتھی کی طرح پارٹی کے ساتھ رہے، افضل تارڑ موسموں کی تبدیلی کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے تھے، ملک و قوم، پارٹی اور علاقے کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعلی پنجاب نے افضل حسین تارڑ کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطاء کرے۔ادھر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی پارٹی رہنما افضل حسین تارڑ کی وفات پر غم اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ سے اظہار تعزیت کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ افضل تارڑ جماعت اور عوام میں یکساں مقبول تھے، ان کی عوام کی خدمت کرتے اور ان کے مسائل حل کرنے میں گزری، قیادت پر ان کے اعتماد کو کوئی لالچ اور ترغیب کمزور نہ کرسکی، سائرہ افضل تارڑ کی صورت میں ان کا عوامی خدمت کا مشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ افضل تارڑ کی کمی پوری نہیں ہوسکے گی۔مریم اورنگزیب نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔