بکا خیل دھاندلی کیس:چیف الیکشن کمشنر کا ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر اظہار عدم اطمینان


اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کے کیس میں جمع کروائی گئی ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کے کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی پی او بنوں کو رپورٹ جمع کرانی ہے، ڈی پی او صاحب آپ نے جے آئی ٹی بنائی تھی، کیا آپ رپورٹ لائے ہیں، اس وقت کیس میں کیا پیشرفت ہے۔ڈی پی او بنوں نے بکا خیل واقعہ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے 11 افراد کو گرفتار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

سکندر سلطان راجہ نے سوال کیا کہ گرفتاری کے علاوہ کیا مزید پیشرفت ہوئی، اسپیشل برانچ کی انٹیلی جنس رپورٹ ہے، تحقیقات کا حصہ صرف گرفتاری نہیں ، ڈی پی او بنوں مکمل رپورٹ دیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آپ کی رپورٹ صرف گرفتاری کے گرد گھوم رہی ہے، آپ لوکیشن معلوم کریں، یہ بنیادی رپورٹ ہے، ایسے کام نہیں چلے گا، پریذائیڈنگ افسران کا اغوا ہونا عام بات نہیں ، اگر آپ سے نہیں ہوتا تو یہ کام کسی اور کے سپرد کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی او بنوں تفصیلی رپورٹ لائیں ورنہ ہم آپ کے خلاف کارروائی کریں گے، ہم سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کریں گے، کیس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ، آئی جی کے پی کیس میں ذاتی دلچسپی لیں، یہ حقائق ہیں کہ پریذائیڈنگ افسران اغوا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی پی او کی آئندہ رپورٹ ٹھیک نہ ہوئی تو آئی جی کو بلائیں گے، سپیشل سیکرٹری 4 جنوری سے قبل انکوائری رپورٹ مکمل کریں۔ الیکشن کمیشن نے بکا خیل کیس کی سماعت 4جنوری تک ملتوی کردی۔