ڈالر مہنگا ہو گیا ،حکومت خود کو بری الذمہ سمجھتی ہے ، شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہو گیا ،حکومت خود کو بری الذمہ سمجھتی ہے ، کیا ملکی معیشت اور روپے کی قدر کا فیصلہ اب سٹے باز کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ڈالر 178 روپے 17 پیسے کی بلند سطح پر پہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 181 روپے 20 پیسے کا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سٹے بازوں پر ذمہ داری ڈال کر خود کو بری الذمہ سمجھتی ہے، کیا ملکی معیشت اور روپے کی قدر کا فیصلہ اب سٹے باز کر رہے ہیں ؟ یا حکومت اس سازش کا حصہ ہے؟

وزیراعظم کو پہلے ڈالر کی قیمت کی اطلاع ٹی وی سے ملتی تھی، اتنی غیر ذمہ دار حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3 سال میں روپے کی قدر میں 30.5 فیصد کمی ہوئی ہے، 2018 میں ڈالر 123روپے کا تھا جو اب 178 کا ہو چکا ہے، روپے کے فری فال اور غیر یقینی کی ذمہ دار حکومت اور اس کی پالیسیاں ہیں۔