آلودہ پانی سب سے زیادہ بیماریوں کا باعث بنتا ہے صاف پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، ڈاکٹرحفیظ الرحمن


راولپنڈی ( صباح نیوز)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ آلودہ پانی سب سے زیادہ بیماریوں کا باعث بنتا ہے صاف پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے ا س وقت کروڑوں روپے مالیت سے صاف پانی کے پراجیکٹس جاری ہیں الخدمت نے اپنے آئندہ پراجیکٹس میں 90کروڑ روپے پانی کے پراجیکٹ کے لیے مختص کئے ہیں ہمارافوکس پسماندہ علاقے ہیں جہاں عوام کوبنیادی ضروریات بھی میسرنہیں ۔الخدمت اورفن باہمت بچوں کی کفالت پر2ارب سالانہ خرچ کررہی ہے ،اورفن بچوں کے لیے 21آغوش سنٹرورکنگ کررہے ہیں جبکہ 12آغوش زیرتعمیرہیں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جان کالونی ٹینچ بھاٹہ میں الخدمت واٹرفلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی صدررضوان احمد،امیرضلع سیدعارف شیرازی ،نومنتخب وائس پریذیذیڈنٹ چکلالہ کینٹ بورڈمرزا خالدمحمود،قائمقام ضلعی صدرالخدمت جاوید اختر، رضامحمدچوہدری، ندیم شیرازسمیت دیگرذمہ داران نے بھی خطاب کیا ۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ہیلتھ کے شعبے میں بھی گراں قدرخدمات سرانجام دے رہی ہے 45ہاسپٹل ،ڈائیگناسٹک سنٹرزسمیت ہیلتھ کے دیگراداروں میں ماہانہ لاکھوں مریض مستفید ہوتے ہیں الخدمت رازی راولپنڈی میں 65ہزاربچوں کی پیدائش ہوچکی جہا ں کمرشل اداروں کی نسبت انتہائی کم چارجزجبکہ مستحق مریضوں کو ان کی عزت نفس مجروع کئے بغیر سبسڈائزڈاورمفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے سربراہ نے کہاکہ حالیہ عرصے میں سیلاب کے دوران ہم نے 10ارب سے زائدمالیت سے متاثرین سیلاب کی خدمت کی اس دوران 60ہزاررضاکاروں نے خدمات سرانجا م دیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور انسانوں کی بحالی کے لیے5ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا بھرمیں خدمت کے حوالے سے ایک پہچان بن چکی ہے ترکیہ کے حالیہ زلزلے میں تر ک حکومت کے اشتراک سے الخدمت فاؤنڈیشن کے 67رضاکاروں نے زلزلے سے متاثزہ علاقوں میں خدمات سرانجا م دیں بعدازاں ترکیہ کے صدررجب طیب اردغان نے الخدمت کو ترکیہ کا بیسٹ ایوارڈ دیا ۔رضوان احمد نے کہاکہ چترال تاگوادرالخدمت نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹرفلٹریشن پلانٹ لگائے تھر کے قحط زدہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے پراجیکٹس کئے گئے ۔انھوں نے کہاکہ چکلالہ کینٹ بورڈ میں اگرکسی وجہ سے کوئی واٹرفلٹریشن بندہیں توالخدمت فاؤنڈیشن ان کی بحالی کے لیے ہرممکن تعاون کرے گی۔