امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں،مسعود خان


 لاس اینجلس (صباح نیوز)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں ، پاکستان کو کسی طور کم نہیں سمجھنا چاہیے اس کا مستقبل روشن ہے اور ہم خطے کا اگلا ٹیک حب بننے کی جانب رواں دواں ہیں، پچھلے چند سالوں میں ہماری ٹیک انڈسٹری میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے، ہماری معیشت کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور ہم نے نہ صرف کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے بلکہ انہیں بہت زیادہ منافع بخش بنانے کے لئے اصلاحات کا ایک جامع سلسلہ شروع کیا ہے، ہم اپنے قومی عزم ، پاکستانی تارکین وطن کی مدد  اور امریکہ جیسے دوستوں کی حمایت سے معاشی طور پر کامیاب ہوں گے۔

سفیر مسعود خان نے یہ باتیں امریکی کاروباری رہنمائوں، کاروباری شخصیات، بینکرز اور لاس اینجلس کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔صدر لاس اینجلس ایریا چیمبرز ماریہ ایس سیلیناس سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں تقریبا ً 80 امریکی کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں ۔ ان میں زیادہ تر فارچیون 500 میں شامل ہیں۔ ان کمپنیوں میں پیپسی، کوکو کولا، جنرل الیکٹرک، ایبٹ، پراکٹر  اینڈ گیمبل، ہنی ویل، اوریکل، مائیکروسوفٹ، ڈیل، کیٹر پلر، میکڈونلڈ، پیزا ہٹ، ڈومینو پیزا وغیرہ شامل ہیں۔ سفیر  پاکستان  نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔ایل اے ایریا چیمبر کیلیفورنیا کا سب سے بڑا چیمبر آف کامرس ہے، چیمبر 136 سالوں سے کاروباری برادری کی سربراہی کر رہا ہے اور 35 شعبوں میں 1400 سے زائد کمپنیاں اس کی ممبر ہیں۔پاکستان میں اربوں کی خلیجی سرمایہ کاری پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکی تاجر برادری کو خلیجی ممالک کے ساتھ ہاتھ ملانے اور پاکستانی معیشت  میں موجود مواقع سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کے لئے  سہ فریقی شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی۔صدر ایل اے ایریا چیمبرز آف کامرس کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے اور امریکی کاروباری رہنمائوں اور وفود کو پاکستان کا دورہ کرنے کی حوصلہ  افزائی کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ ان کے پاکستان دورے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ سفیر پاکستان نے لاس اینجلس اور کراچی کے درمیان سسٹر سٹی پارٹنرشپ کی تجویز بھی پیش کی تاکہ معاشی رابطوں کو بہتر بنانے کے لئے ایک فریم ورک فراہم کیا جا سکے۔

لاس اینجلس میں 150000 پاکستانی امریکن کمیونٹی کی موجودگی کو اجاگر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ دو طرفہ تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں ۔دونوں فریقوں نے تجارت اور کاروباری  تعلقات  کو بڑھانے کے لئے مخصوص صنعتوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کے چیئرمین وقار علی خان کی  قیادت میں چیمبر اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے  میڈیکل ٹرانسکرپشن اور بلنگ، تشخیص، فن ٹیک، ہیلتھ ٹیک، اور ٹیلی میڈیسن ، مہمان نوازی، ہوٹل، ہسپتالوں سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ  10لاکھ پاکستانی امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی  نے  پاکستان میں مختلف کاروباروں اور شعبوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور مزید تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔پاک-امریکی اور امریکی کاروباری رہنماؤں، کاروباری شخصیات، بینکرز، پیشہ ور افراد اور حکام کے ساتھ بات چیت کے دوران مسعود خان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیادیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی اور انسداد دہشت گردی میں جاری تعاون کے علاوہ اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں، ہم امریکہ کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید اور سبز توانائی، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور ٹیکنالوجی  کے شعبہ جات میں ڈائیلاگ کر رہے ہیں  اور یہ ہمارے ترجیحی شعبے ہیں ۔مسعود خان نے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے حامی ہیں اور نئی حکومت  معاشی اصلاحاتی پیکج پر عمل پیرا ہے۔ سفیر نے ملاقات کے دوران امریکی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کو متنوع بنائیں تاکہ وہ اپنی مصنوعات خلیج اور دیگر خطوں میں برآمد کر سکیں۔کاروباری برادری کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں سفیر پاکستان نے ایس آئی ایف سی کے کردار کو اجاگر کیا کہ کونسل کس طرح سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کو ترجیحی  شعبوں کا درجہ دیا ہے  اور ان شعبوں میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی)کے صدر جمال خواجہ، چیئرمین عارف منصوری اور بورڈ  ممبران کی جانب سے  پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرتپاک مہمان نوازی اور ملاقات کا اہتمام کرنے پر سفیر پاکستان نے فرینڈز آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تارکین وطن کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے مثالی جذبے اور پاکستان، امریکا اور پاک امریکا تعلقات کے لئے ان کے جذبے اور عزم کو دیکھ کر بہت خوش ہیں۔