فیصل آباد، دوائی کھانے سے خاتون تین بیٹیوں اوربھتیجی سمیت جاں بحق


 فیصل آباد (صباح نیوز) فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں پنسار سے لی گئی دوائی کھانے کے باعث خاتون اور اس کی 3بیٹیاں اورایک بھتیجی جاں بحق ہو گئیں۔تھانہ گڑھ کے گائوں کلیانوالہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

مظہر حسین نامی شخص کی بیوی شمیم بی بی اور اسکی تین بیٹیاں اور ایک بھتیجی کی پنسار کی دکان سے لی جانیوالی دوائی کھانے کے باعث طبیعت خراب ہوئی اور منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گئی۔ اس دوران آٹھ سالہ بھتیجی مسکان کی موت واقع ہو گئی تو لواحقین انہیں ساہیوال ہسپتال لے گئے ۔شمیم بی بی اور اس کی تین بیٹیاں 5سالہ رخسانہ،4سالہ اقصیٰ اور 3سالہ فرزانہ ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ گھر کے قریب مقامی پنسار سے پھکی لے کر کھائی تھی جس کی وجہ سے طبیعت زیادہ بگڑ گئی۔آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد نے افسوسناک واقعہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دئیے ۔پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ ئیں گے ۔