اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے ملاقات کی ۔صدر مملکت نے افغانستان کے لوگوں کیلئے عالمی حمایت حاصل کرنے کیلئے کانفرنس پر اظہار اطمینان کیا ۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیو رٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ،بھارت نے کشمیر کے معصوم عوام پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ، بھارت گذشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے ، بھارت کا چہرہ تمام بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ،بھارت کشمیر میں ماوائے عدالت قتل ، تشدد اور معصوم مسلمانوں کی نظر بندی میں ملوث ہے ،عالمی برادری کی ذمہ داری ہے وہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے ،عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت اقلیتی گروہوں بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں پر ظلم کر رہا ہے ،بھارت کا اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک ، جارحانہ رویہ علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں ، او آئی سی کے 17ویں غیر معمولی اجلاس نے افغانستان کی معاشی و انسانی صورتحال پرعالمی توجہ مبذول کرائی ، کانفرنس کا انعقاد مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستانی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔