آرمی چیف سے سربراہ ترک لینڈ فورسز کی ملاقات


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک لینڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ویلی تراکچی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ سطح پر تربیتی امور، انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا،آئی ایس پی آر ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی، دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، دوطرفہ تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں، افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے مخلصانہ عالمی کاوشیں ناگزیر ہیں۔

سربراہ ترک لینڈ فورسز نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔ ترک چیف آف جنرل سٹاف نے مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ سطح پر تربیتی امور، انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا