ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، برفباری ، سردی بڑھ گئی


لاہور،کوئٹہ(صباح نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ملک بھرمیں بادلوں کے ڈیرے، کہیں گھنگھور گھٹائیں چھا گئیں تو کہیں بادل چھماچھم برسے۔پنجاب کے کئی شہروں میں ابر کرم برسا ، لاہور میں بوندا باندی سے موسم حسین ہوگیا۔

پنجاب کے علاقے پیرمحل، شور کوٹ ، جھنگ ،میلسی، اوچ شریف، فورٹ عباس، لیہ،علی پوراور راجن پور میں بارش نے خوب رنگ جمایا۔ کبیروالا ،چشتیاں،ظاہر پیر،وہاڑی لودھراں میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی،ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، بہاولنگر، بہاولپور، احمد پورشرقیہ میں بھی ابررحمت برسی۔زیارت میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے وادی کے حسن کو دوبالا کر دیا، سیاحوں نے خوب انجوائے کیا۔

کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ،پشین، مسلم باغ، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی سمیت مختلف علاقوں میں بارش برسی جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی۔گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں برفباری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی،درجہ حرارت نقطہ  انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گرگیا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔ کراچی، سکھر اور میر پور خاص سمیت کئی شہروں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ۔

کوئٹہ(صباح نیوز) با رش کے بعد کوئٹہ شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں  بارش کے بعد سے شہر کے مختلف وسطی اور نواحی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، بجلی کی معطلی کا سلسلہ  کئی گھنٹوں بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان کیسکو کے مطابق شہر اور نواحی علاقوں میں 19 فیڈرز فنی خرابی کے باعث بند ہوگئے ، متاثرہ فیڈرز سے منسلک علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل  رہی، متاثرہ فیڈرز پر فنی خرابی دور کرنے کے لئے کام جاری ہے۔