جماعت اسلامی خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب تمام خواتین کو کامیابی پر مبارکباد

کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی تمام پارٹیوں کی خواتین کو مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سیاسی عمل میں باشعور خواتین کی شرکت سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے ۔یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اسما سفیر نے سٹی کونسل اور ٹاون کونسلز میں حلف برداری کے موقع پر کہی ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیاسی عمل میں شرکت سے خاندان اور عورت کی فلاح بہبود کے نئے راستے کھلیں گے۔یوسی سے سٹی کونسل تک ہماری خواتین ،عورتوں کے حقیقی مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور ڈرائنگ روم کی سیاست کے برعکس عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کا ادراک رکھتی ہیں۔اسما سفیر نے یقین دلایا کہ جماعت اسلامی کا میئر اور پوری ٹیم تمام طبقات کے مسائل کے حل کے لیے آگے بڑھ کر کام کرے گی ۔کراچی کے عوام نفرت کی سیاست سے تھک چکے ہیں۔ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندے شہر کو بدلنے کیلئے اہلیت اور  ایمان داری سے کراچی کو دنیا کا عظیم الشان میگا سٹی بنائیں گے جو امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر اور دنیا میں اعلی مقام حاصل کرے گا۔