تاریخ نے ثابت کیا قائداعظم کی سیاسی جدوجہد اصولوں پر مبنی تھی،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، ان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، تاریخ نے ثابت کیا قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی۔

انہوں نے یوم ولادت قائداعظم پر بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے یوم ولادت پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی ہے، قائداعظم قول کے سچے، دھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل رہبر تھے، قائداعظم راست گو اور راست باز انسان تھے، وہ ہمیشہ سیدھے راستے پر ہی چلے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے الگ وطن کے خواب کو سچ کردکھایا، عظیم قائد نے اپنی تمام زندگی پاکستان کے مقصد کے لئے وقف کی، قوم اپنے محسن کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا کیونکہ پاکستان بنانے کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے معاشی حقوق کا تحفظ اور فروغ تھا۔