پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہے گا،شیخ رشید


کراچی (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمارے اپنے اختلاف کتنے ہی کیوں نہ ہوں ، پاکستان رہتی دنیا تک اور قیامت تک وجود میں رہے گا۔پاکستان ساری دنیا میں وہ حقیقت ہے جس سے کوئی عقل کا اندھا ہی انکارکرسکتاہے ۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے مزارقائد پر حاضری دینے اورفاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت اورجوہری فورس اورسارے عالم اسلام کے طرہ امتیار پاکستان کے وجود کوشکل دی، یہ قائد اعظم کی ہی قربانیاں تھیں ، سوچ تھی اور وژن تھا اوردیوارسے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت تھی کہ اس پاکستان میں میرے جیسے لوگ 15ویں مرتبہ وزیر بنے

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہندوستان میں مسلمان جس کرب کی زندگی گزاررہا ہے ، کشمیر میں یوپی میں ، مہاراشٹر میں جو مسلمان پر بیت رہی ہے اورجو ہندودلت مسلمان کے قتل وغارت کا اوران کے خاتمہ کا منصونہ بنارہا ہے اسی جگہ پر ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی اقلیتوں کو ہم نے تحفظ دینا ہے ، ان کو آئینی اورقانونی حق دینا ہے، اوراقلیتوں کو وہ سارے حقوق دینے ہیں جو دوسرے لوگوں کو حاصل ہیں۔ ایک ایسا ملک جو سپرپاورز کے پڑوس میں ہے ، جس میں چاروں موسم ہیں، جس میں دریا ،سمندر ہیں اوراس پاکستان کو جو دنیا اور خاص طور پر بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اپنے اختلاف کتنے ہی کیوں نہ ہوں ، پاکستان رہتی دنیا تک اور قیامت تک وجود میں رہے گا۔ پاکستان ساری دنیا میں وہ حقیقت ہے جس سے کوئی عقل کا اندھا ہی انکارکرسکتاہے۔ آج بھارت کے مسلمان بھی قائد اعظم کے فیصلے سراہا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسی پر اکتفا کریں گے اور آج (اتوار)دن تین بجے سیاسی بات کریں گے اور کھل کرسیاسی باتیں ہوں گی۔