قائد اعظم نے خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی،صدرووزیراعظم


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی۔

صدرمملکت نے قائدِ اعظم کی 145 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، قائدِ اعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا، موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں، ہر فرد کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی خوشحالی کیلئے معاشرے کے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی، ہم اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم قائد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کیلئے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے، جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا،ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے، قائد اعظم کا بڑے چیلنجوں اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم انکی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا، مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے انہوں نے اللہ تعالی پر پختہ یقین اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔