اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کرسمس کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میں ، کرسمس کے پرمسرت موقع پر، پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،حضرت عیسیٰ کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا،حضرت عیسیٰ نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلی اقدار کی بھی تبلیغ کی،حضرت عیسیٰ نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا،ہم ، بحیثیت مسلمان ، اللہ تعالی کے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے حضرت عیسی علیہ السلام کا خصوصی احترام کرتے ہیں، قائد اعظم نے پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے لیے ، بلا تفریقِ مذہب، پیشہ یا نسل ، مساوات، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا اعلان کیا۔
پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ، بلا لحاظ ِمذہب، ذات پات اور نسل ، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے،حکومت ِپاکستان اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں شہریوں کو تمام حقوق حاصل ہیں اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، پاکستان میں اقلیتیں ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی ملکی سماجی و اقتصادی ترقی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات اور کردار کو سراہتا ہوں۔ ۔وزیراعظم عمران خان نے کرسمس پر پیغام میں کہا ہے کہ تمام مسیحی شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔