ہرنائی میں زلزلے سے متاثر 67فیصد خاندانوں کو احساس ایمرجنسی کیش کے تحت ادائیگی ہو گئی،ثانیہ نشتر


اسلام آباد(صباح نیوز)احساس ایمرجنسی کیش) ای ای سی ( کے تحت ہرنائی میں زلزلے سے متاثرہ تمام خاندانوں کو 12,000 روپے کی امدادی رقم کی ادائیگی جاری ہے۔ اب تک، 10,271 خاندانوں نے ای ای سی کے تحت مالی امداد حاصل کی ہے اور ابھی بھی ادائیگیاں جاری ہے۔

مجموعی طور پر 15,398 خاندان احساس کی نقد مالی معاونت سے مستفید ہوں گے۔ضلع ہرنائی 7 اکتوبر 2021 کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے زلزلے کے فوری بعد وفاقی حکومت کی جانب سے زلزلہ کے بعد امداد کی ابتدائی حد کا جائزہ لینے کے لیے ہرنائی کا دورہ کیا۔ دو دن کے اندر، 9 اکتوبر 2021 کو وزیراعظم کی منظوری کے بعد، وفاقی حکومت نے ہرنائی کے تمام خاندانوں کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پیکج کا اعلان کیا تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اب تک ہرنائی کے کل رہائشی خاندانوں میں سے 67فیصدخاندانوں نے  امدادی رقم حاصل کی ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ،”یہ جاننے کے لیے کہ ہرنائی میں 33فیصد خاندانوں نے ابھی تک احساس ایمرجنسی کیش کیوں وصول نہیں کیا، ہم نے ضلع بھر میں جائزہ لیا۔ فوری ٹیلی فونک سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ تر لوگ جنہوں نے ابھی تک احساس کیش12000 روپے وصول نہیں کیے تھے  وہ اس سے لاعلم تھے۔

زلزلے کی سنگین صورتحال کے پیش نظر یہ بات قابل فہم ہے۔ ہم بقیہ خاندانوں تک پہنچنے کے لیے تمام ضروری معلوماتی وسائل کو تیزی سے متحرک کر رہے ہیں”۔انہوں نے مزید کہا  کہ ہرنائی کے ہر خاندان کو احساس ایمرجنسی کیش12,000 روپے ملیں گے۔  باقی خاندانوں تک پہنچنے کے لیے، ہم ایک ہدایاتی ویڈیو بھی جاری کر رہے ہیں جس میں احساس امدادی نقد ادائیگی کے بارے میں لوگوں کو معلومات کی تفصیل بتائی گئی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نے مقامی میڈیا، ضلعی انتظامیہ اور ہرنائی کے رہائشیوں سے ای ای سی کے بارے میں آگاہی  پیدا کرنے کی اپیل بھی کی۔سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے، تحصیل ہرنائی میں 52فیصد ، 18فیصد شاھرگ اور 9فیصدخوست  میں لوگوں نے ای ای سی کی ادائیگی کے بارے میں معلومات کی کمی کی اطلاع دی۔

تاہم، 21فیصد لوگوں نے بتایا کہ وہ ادائیگی کی رقم وصول کرنے گئے تھے لیکن شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے، بائیو میٹرک مسائل اور ڈیٹا بیس میں فیملی رجسٹریشن  نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایسا کرنے سے قاصر تھے۔تمام ادائیگیاں درست شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ جن لوگوں کے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہے وہ اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کروا لیں، تاکہ انہیں احساس نقد رقم ادا کی جا سکے۔

اس کے علاوہ وہ خاندان جو احساس ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ کوئٹہ روڈ پر غورہ ہسپتال کے قریب قائم ہرنائی میں احساس رجسٹریشن ڈیسک سے رابطہ کریں۔ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے، ہرنائی کی تینوں تحصیلوں میں چھ خصوصی ادائیگی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ تحصیل ہرنائی میں میونسپل کمیٹی کے دفاتر، سول ہسپتال اور ویٹرنری ہسپتال میں تین ادائیگی مراکز کام کر رہے ہیں۔ تحصیل شاھرگ میں آر ایچ سی ہسپتال اور پی ایم ڈی سی ریسٹ ہاس میں دو مراکز کام کر رہے ہیں اور ایک مرکز تحصیل خوست میں سی ڈی ہسپتال میں قائم ہے۔