دبئی(صباح نیوز)افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان ریٹائرمنٹ سے قبل آخری انٹرویو کے دوران آبدیدہ ہوگئے۔
اصغرافغان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا،لوگ پوچھ رہے ہیں اس وقت ہی ریٹائرمنٹ کیوں،میرے پاس کوئی جواب نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے یہ ریٹائرمنٹ کا اچھا موقع ہے، ریٹائرمنٹ کا مقصد نوجوان پلیئرزکو موقع دینا ہے، کرکٹ سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔
سابق افغان کپتان کا کہنا تھا کہ اپنی فیملی اور تمام ہم وطنوں کی جانب سے بھر پور سپورٹ کی گئی، اس پر ان سب کا شکر گزار ہوں۔ خیال رہے کہ اصغر افغان نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ نمیبیا کے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ اصغر افغان نے 6 ٹیسٹ ،114 ون ڈے اور 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔اس کے علاوہ اصغر افغان بحیثیت کپتان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میچز جیتنے والے کپتان ہیں۔
انہوں نے 52 میچز میں کپتانی کرتے ہوئے 42 میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت کے ایم ایس دھونی نے 72 میں سے 41 میچز بحیثیت کپتان جیتے۔افغانستان بورڈ نے ایک پیغام میں کہاہے کہ ہم اصغر افغان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ملک کے لیے ان کی کافی خدمات ہیں جبکہ ان کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نوجوان افغان کرکٹرز کو کافی محنت کرنا پڑے گی ۔