لٹیروں نے حقوق مانگنے کو جرم بنادیا ،مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی صوبے کے سلگتے دیرینہ قومی اجتماعی مسائل لاپتہ افراد ،بھتہ خوری ،لوڈشیڈنگ مقتدرقوتوں کی لوٹ مار کے خلاف روزگار ،ساحل وسائل ، بارڈر،زراعت کی ترقی کیلئے جدوجہد کر تی رہیگی اگر یہ جرائم ہیں تو ہم کرتے رہیں گے ۔ملک وبلوچستان کے حالات مخدوش ،سازشیں عروج پر انتخابات کو آگے کرنے واحتساب کو ختم کرنے کی باتیں ہورہی ہے ۔لٹیروں نے حقوق مانگنے کو جرم بنادیا سپریم کورٹ جرم بے گناہی اور عوام کے حقوق کیلئے چار ماہ سے قید مولانا ہدایت الرحمان کو انصاف فراہم کرتے ہوئے فوری رہا کریں ۔بلوچستان میں ناانصافی کے خلاف اور جائز حقوق کیلئے جمہوری جدوجہد جرم بن گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان ماہانہ صوبائی ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر،بشیر احمدماندائی ،زاہدا ختر بلوچ ،قائمقام جنرل سیکرٹری مرتضٰی خان کاکڑ،سید نورالحق ایڈوکیٹ ،جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر نقیب اللہ اخوانی ،سلطان محمد محنتی ، عبدالولی خان شاکر نے شرکت کی اس موقع پر ذمہ داران نے اپنی اور شعبہ جات کی رپورٹ پیش کی اجلاس میں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی،عدالتی صورتحال ،ضمانت ،بلوچستان کے حقوق کی جدوجہد ،رابطہ عوام وووٹرسازی کیلئے دستک مہم ،مرکزی امیر سراج الحق کا سہ روزہ دورہ ژوب خانوزئی کوئٹہ ،تنظیمی امور ،تربیتی امور ،ذمہ داران دورہ جات ،اجتماعات اوردفتری امور کے حوالے سے مشاورت وفیصلے کیے گیے ۔اس موقع پر ذمہ داران نے عدالت کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے حوالے سے عدالت کے دہرے معیار پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

انہوں نے کہاکہ اداروں کے دبائو پر جعلی کیس وجعلی مقدمات میں بلوچستان کے عوامی لیڈر مولانا ہدایت الرحمان کو قید کرنا حالات کو خراب ، بات چیت ،مذاکرات ،جمہوری جدوجہد کا راستہ بند کرنے کے مترادف ہے ۔لٹیرے حکمرانوں،مقتدرقوتوں کی لوٹ مار کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کو تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے ۔بلوچستان کی غربت ،بے روزگاری ،ناانصافی ،لوٹ مار کے ذمہ داران 75سالوں سے اقتدار پر قابض ٹولہ اور مقتدر قوتیں ہیں بلوچستان کو اللہ نے بہت سی نعمتوں وسائل سے نوازاہے مگر لٹیرے حکمران وہی وسائل بھی چھیننا چاہتے ہیں وفاق صوبائی حکومتیں وسائل کی منصفانہ تقسیم میں بری طرح ناکام ہوئے لیکن اللہ نے جو ترقی ،روزگار ،کاروبار کے مواقع فراہم کیے ہیں یہاں میں لوٹ مار بھتہ خوری ناانصافی اور لوٹ مار جاری ہے جماعت اسلامی اور مولانا ہدایت الرحما ن بلوچ نے اس لوٹ مار کے خلاف جدوجہد کیا ہے ہم بلوچستان کو خوشحال بناکرلٹیروں کوناکام بنائیں گے ملک میں تشددانتشارنفرت تعصب اوربدعنوانی کے ذمہ دار پچھتر سال سے اقتدار قابض حکمران اور مقتدرقوتیں ہیں احتساب برائے نام اور سیاست کیلئے کیا جارہا ہے بدعنوانی ،جھوٹ ،فریب کی سیاست،سازش کی وجہ سے بلوچستان سمیت ملک بھر کے حالات خراب ہیں ۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے وسائل کی حفاظت ،عوام کو حقوق دینے اورپریشانی ومشکلات کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے