صدر مملکت نے جسٹس مسرت ہلالی کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس مسرت ہلالی کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی۔محترمہ جسٹس مسرت ہلالی پشاورہائیکورٹ میں بطور قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں۔صدر مملکت نے چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175اے13 کے تحت دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس مس مسرت ہلالی کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے دی گئی تھی۔ جسٹس مس مسرت ہلالی نے یکم اپریل کو بطور قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

اگر جسٹس مس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جج تعینات نہ کیا گیا تووہ بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعدرواں سال ہی 7اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گی۔