ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس


اسلام آباد (صباح نیوز)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے معروف ماہر امراضِ خون پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے طب اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

 ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مرحوم نے بون میرو ٹرانسپلانٹ اور خون کے دیگر کینسر کے علاج میں خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالی ڈاکٹر طاہر شمسی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ جبکہ صدر مملکت نے ڈاکٹر طاہر شمسی کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور صبر جمیل کی دعابھی کی۔.

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکا ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر اظہار تعزیت

 صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے معروف ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے۔ وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر شمسی کی وفات سے دلی صدمہ ہوا ہے۔امراض خون کے علاج معالجے میں ڈاکٹر طاہر شمسی مرحوم نے اپنا نام پیدا کیا۔ڈاکٹر طاہر شمسی مرحوم کی طبی شعبہ کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈاکٹرطاہرشمسی نے جدیدعلوم کے ذریعے طب کی دنیامیں نئی راہیں متعارف کروائی ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے