ایل این جی کارگو کی تاخیر سے حالیہ گیس بحران مزید بڑھے گا،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستا ن پیپلز پارٹی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایل این جی کارگو کی تاخیر سے حالیہ گیس بحران مزید بڑھے گا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں کہا کہ اطلاعات ہیں کہ سنگاپور کی کمپنی پاکستان کو 10 جنوری کو ایل این جی کارگو نہیں ڈلیور کر سکے گی۔ نومبر میں بھی اس کمپنی نے کارگو نہیں فراہم کیا تھا۔ حکومت وضاحت کرے ڈیفالٹ کمپنی کے ساتھ دوبارہ کیسے معاہدہ کیا گیا؟ پہلے ہی ان کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں گیس کا شدید بحران ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ جنوری میں گیس کی طلب سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ ایک ایل این جی کارگو کی تاخیر سے حالیہ گیس بحران مزید بدتر ہو جائے گا۔ تاریخ کی مہنگی ترین ایل ان جی خریدنے کے باوجود تباہی سرکار گیس کی فراہمی کو یقینی نہیں بنا سکی۔ گھریلو صارفین کے ساتھ صنعت کو بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔