سپریم کورٹ ،اسحاق ڈار کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست خارج


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی نا اہلی کے لیے دائر کی گئی درخواست عدم پیروی کی وجہ سے خارج کر دی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پرمشتمل بنچ نے استحاق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمن نے عدالت کو بتایا کہ آرڈیننس کے تحت 2 ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا، اس لیے ان پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتا۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نوازش پیر زادہ گذشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اسحاق ڈار کو عدالت نے طلب کیا تھا لیکن وہ بھی پیش نہیں ہوئے۔

سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار بیمار ہیں اور بیرونِ ملک مقیم ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے عدم پیروی پر اسحاق ڈار کیخلاف دائر درخواست خارج کر دی ۔ عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے درخواست خارج کئے جانے کے بعد اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر ممبر شپ کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکمِ امتناع ختم ہو گیا۔