کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اتوار 19دسمبر کو کراچی میں سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون اور شہری اداروں پر قبضے کے خلاف اور کراچی تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حق اور مسائل کے حل کے لیے ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”کراچی بچاؤ مارچ” کے شاندار انعقاد پر کراچی کی خواتین مختلف شعبہ زندگی اور طبقات سے وابستہ افراد سمیت عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اور مارچ کو کامیاب بنانے پر اہل کراچی سے بھر پور اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی دی ہے اور کہا کہ کراچی کے عوام ہی کراچی کی اصل قوت اور طاقت ہیں ، عوامی قوت کے دباؤ پر سندھ حکومت کو کالا بلدیاتی قانون واپس لینا پڑے گا ، وڈیرہ شاہی و آمرانہ سوچ ، غیرجمہوری رویے اور طرزِ عمل اور اہل کراچی کے حق کو غصب کرنے کے خلاف عوامی طاقت کا ایک اور اظہار جمعہ 31دسمبر کو سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنے کی صورت میں ہوگا ، اہل کراچی ، شہری اداروں کے اختیارات و وسائل پر قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور اپنا حق لے کر رہیں گے ‘
حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیا ن میں جماعت اسلامی کے مرد و خواتین کارکنان ، ذمہ داران اور مارچ کے تمام منتظمین کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی انتھک اور دن رات کی جدو جہد سے ہی ”کراچی بچاؤ مارچ” کی صورت میں عوام سے اتحاد و یکجہتی کا تاریخی مظاہرہ کیا گیا جس سے سندھ حکومت اور سندھ کی نام نہاد اپوزیشن کے لیے بھی واضح پیغام گیا کہ جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندہ اور ترجمان ہے ، ”کراچی بچاؤ مارچ” نے جہاں ایک طرف سندھ حکومت کی کراچی دشمن پالیسیوں و اقدامات و لسانیت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے وہیں یہ مارچ جماعت اسلامی پر بھر پور اعتماد کا مظہر بھی ثابت ہوا ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کو اون کرتی ہے ، جماعت اسلامی کی قیادت نے ہی عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کی مثالی خدمت کی ہے اور مسائل حل کیے ہیں ، جماعت اسلامی ہی آئندہ بھی کراچی کو بنانے و سنوارنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔