اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے امیدظاہرکی ہے کہ دنیاافغانستان کو تنہا کرنے کی غلطی نہیں دہرائے گی اوراس جنگ سے تبا ہ حال ملک کے عوام کے لئے امداد فراہم کرے گی۔
وہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ اورسعودی عرب، ایران اورملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر ان سے الگ الگ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اس اعتماد کااظہارکیاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیرمعمولی اجلاس سے رکن ملکوں کو افغانستان کے لئے امداد کی فراہمی کے بارے میں تحریک ملے گی۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور وزرائے خارجہ نے اس غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کرنے پر پاکستان کو سراہا جس کا مقصد انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کیلئے عالمی برادری کو متحرک کرنا تھا۔