فضل الرحمن اگر دھاندلی سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو ای وی ایم کی جانب آئیں، فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن کو شفاف انتخابات کے انعقاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ دھاندلی زدہ نظام کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم عمران خان سیاست میں آئے ۔ فضل الرحمن اگر دھاندلی سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو ای وی ایم کی جانب آئیں ۔ مارچ کی دھمکی دینے والے یہ بتائیں کہ استعفے کہاں ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی میڈیا گفتگو پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ فضل الرحمن 3 سال سے سیاسی بیروزگار ہیں ، مولانا کو یہ مسئلہ ہے کہ ان کی ایزی لوڈ کی دکان بند ہوچکی ہے۔

انہو ں نے کہاکہ فضل الرحمن کا ملک کی پارلیمانی سیاست میں کوئی کردار نہیں ،وہ اپنے روزگار کیلئے جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جس کا اپنا دامن داغ دار ہو وہ صادق و امین وزیراعظم کے خلاف کس منہ سے بات کرتے ہیں۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی صرف کرپشن بڑھا سکتی ہیں ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں، شرپسند عناصر مہنگائی کی آڑ میں اپنی سیاسی دکان چمکارہے ہیں ۔

وزیر مملکت نے کہاکہ ماضی کے قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے مجبور ہوکر قرض لئے۔فضل الرحمن انتخابات جیت جائیں تو صاف شفاف ہار جائیں تو دھاندلی ؟ مولانا کو شفاف انتخابات کے انعقاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ دھاندلی زدہ نظام کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم عمران خان سیاست میں آئے ۔ فضل الرحمن اگر دھاندلی سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو ای وی ایم کی جانب آئیں ۔

انہوں نے کہاکہ مارچ کی دھمکی د ینے والے یہ بتائیں کہ استعفے کہاں ہیں۔ پی ڈی ایم کے کھوکھلے مارچ میں عوام کی کوئی نمائندگی نہیں ہوگی  سب کو معلوم ہے کہ عوام میں پی ڈی ایم کی پذیرائی صفر ہوچکی ہے۔ ذاتی مفادات کیلئے انتشار پھیلانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے آئندہ بھی ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کو 2018 کے الیکشن میں ریکارڈ ووٹ ملے ۔ 2023 کے الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر ڈبل ووٹ لیں گے۔