کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت ،سپریم کورٹ،فوج وادارے ملک کی ترقی ،خوشحالی ،عوام کامسائل حل کرنے کے لیے کام کریں ، دنیا بھر میں پاکستان کی رسوائی ہورہی ہے ،عوام دووقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے جن کاروبار ،بچے اورمستقبل باہرہیں وہی ہم پر حکمران وہی ہمارے فیصلوں پر قابض وہی مقتدرقوتیں بنی ہوئی ہے۔جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق ،مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی اور رابطہ عوام مہم کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی عوام نے سب کو آزمالیا اب صرف جماعت اسلامی سے بہتری کی امید رکھی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور امریکہ نے اپنے آلہ کاروں کیلئے پاکستان کو بھاری سودی قرضوں میں ڈبودیاآئی ایم ایف کا مقصدلوٹ مار جاری رکھ کر پاکستان کے وسائل پر قبضہ کرکے دیوالیہ کرنے کیساتھ بدنام رسواکیا جائے۔حکمرانوں کی لوٹ مار ، عیاشی ،مراعات ،بھاری مفادات کے حوالے سے آئی ایم ایف خاموش ہیں انہیں فکر ہے تو غریب عوام کو مزید دبانا ،مہنگائی بدعنوانی بے روزگاری وغربت پڑھا نا آئی ایم ایف کا مقصدہے۔یہ اسلام وپاکستان دشمنوں کے مفادات کے ادارے ہیں انہیں پاکستان یا ان کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔وہ پاکستان میں اپنے آلہ کاروں کے ذریعے ملک دشمن اقدامات کیساتھ ،مفادات کے حصول میں مگن ہیں ۔
حکمران ،ادارے ان کے اشاروں پر چل رہے ہیں ملک کو انہی لٹیروں آئی ایم ایف وامریکی آلہ کاروں نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے کسی لٹیرے کو سزاہوئی نہ کسی سے لوٹی ہوئی دولت برآمد ہوئی اس کے باوجودصبح سے شام پر ایک دوسرے پر الزامات لگائے جارہے ہیں ۔پارلیمنٹ،عدلیہ ،اداروں ،اسٹبلشمنٹ کے درمیان رسی کشی بھی عوام وپاکستان کیلئے نہیں سب کے ذاتی مفادات ہیں ۔ملک دیوالیہ ہوگیاہے مگر ان کو کوئی فکر نہیں عوام دووقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں غربت انتہاکو پہنچ گئی لیکن آج بھی جوجتنا بڑالٹیراہے وہی امریکہ ،آئی ایم ایف اور اداروں کا لاڈلابناہواہے ۔
وہی چہرے ہیں کبھی ایک نام سے کبھی دوسرے نام پر ملک وقوم پر مسلط کیا جارہاہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ ملک اور حکمران قومی خزانہ اورعوام کو لوٹ رہے ہیں لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ،قومی خزانہ بیرون ملک منتقل ہورہاہے ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قائدین کی رہائی تک ہرسطح پر احتجاج جاری رکھیں گے گوادربلوچستان کے حقوق کے حقوق کے حصول کی جدوجہد گرفتاری مقدمات سے نہیں رُک سکتی ۔بلوچستان کیساتھ اپنوں اور غیروں نے ہمیشہ براسلوک کیا ۔جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کیساتھ ہے انشاء اللہ جیت حق کی ہوگی