اسلا م آباد(صباح نیوز)،اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پی آئی اے کی حکومتی گارنٹی میں 15 ارب روپے سے زائد کے اضافے اور الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشہ کی فراہمی کی منظوری دیدی، وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون اسکیم کے تحت بلا سود 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے پی آئی اے کی حکومتی گارنٹی میں 15 ارب روپے سے زائد کا اضافہ کردیا۔ای سی سی نے پنجاب میں چینی 95 روپے فی کلو فراہم کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔ اعلامیہ کے مطابق پنجاب کی صوبائی پی ایس ایم اے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم کرے گی،
دیگر صوبوں کو بھی چینی کی کم قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔کمیٹی نے انگور اڈہ کو افغانستان اور وسطی ایشیا کیلئے ایکسپورٹ لینڈ بنانے کی منظوری بھی دی، وزارت ہاوسنگ کیلئے 26 کروڑ 10 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزارت قومی صحت کیلئے 14 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی گئی جبکہ الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشہ کی فراہمی کی منظوری بھی دیدی۔ الیکٹرک بائیکس اوررکشہ وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون اسکیم کے تحت دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو تین سال کیلئے قرض فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ٹیئر ون کیٹیگری کیلئے 5 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا، یہ قرضہ صفر شرح سود پر 3 سال کیلئے ہوگا، یہ قرضہ ذاتی گارنٹی پر دیا جائے گا۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال 15 ہزار ای بائیکس اور ای رکشوں کیلئے قرضہ دیا جائے گا، وزارت صنعت و پیداوار کو اسکیم کی شرائط و ضوابط کی تفصیلات طے کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے