بیجنگ (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے اس بات کااعادہ کیا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کو پاکستان میں وسیع سیاسی حمایت حاصل ہے۔
ان خیالات کا اظہاراحسن اقبال نے بیجنگ میں منسٹر فار انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ آف کمیونسٹ پارٹی آف چائنا لیو جیان چائوسے ملاقات میں کیا۔وزیر منصوبہ بندی نے چین کے پرامن عروج اور اقتصادی ترقی میں سی پی سی کے کردار کو سراہا جبکہ سالانہ دو اجلاسوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے، وفاقی وزیر نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI)، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (GDI)، گلوبل سکیورٹی انیشیٹو (GSI) جیسے اقدامات شروع کرنے پر صدر شی جن پنگ کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا۔
نومبر 2022 میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے بیجنگ کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے، دونوں فریقوں نے چین میں پاکستانی نوجوان سیاسی رہنمائوں اور پیشہ ور افراد کی خصوصی تربیت کے ذریعے استعداد کار میں اضافے کے لیے آئی ڈی سی پی سی کی حمایت کے طریقوں پر کام کرنے اور سی پی سی کے گورننس ماڈل پر تجربات کے اشتراک پر اتفاق بھی کیا جبکہ دیہی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا،
غربت کا خاتمہ، اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی کا استعمال، برآمدات میں اضافہ اور صنعت کاری پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر منصوبہ بندی نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے بات چیت اور تعاون کو جاری رکھنے کے لئے لیو جیان چائو نے کو پاکستان کی دعوت بھی دی جبکہ لیو جیان نے سی پیک کو کامیاب بنانے میں احسن اقبال کے تعاون کو سراہا۔