مہنگائی کی شرح 46 فیصد ہو چکی، حکومت بے بس دکھائی دے رہی ہے ،احمد جواد


لاہور(صباح نیوز)نائب صدر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت کی پوری آمدنی قرض کی خدمت میں استعمال ہو رہی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تمام اخراجات قرض لینے سے پورے ہو رہے ہیں اور یہ خطرے کی گھنٹی ہے۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری احمد جواد نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 46 فیصد ہوچکی اور حکومت بے بس دکھائی دے رہی ہے، ذخیرہ اندازوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن ہونا چاہیے، صرف آٹے کے تھیلے مفت دینے سے بات نہیں بنے گی، ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول لسٹ کو یقینی بنائیں، ہر وقت عوام ہی کیوں قربانی دیں۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان بزنس فورم نے مطالبہ کر دیا کہ ماہ رمضان میں منافع خوروں  کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور جرمانہ کی حد 1لاکھ روپے ہو اس کے علاوہ دکان کو 30روز کے لئے سیل کر کے تمام اشیا کی سرکاری نرخوں پر نیلامی کی جائے۔ اسی طرح محکمہ زراعت اور محکمہ لیبر کے افسران بھی ماہ رمضان میں ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کریں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت برداشت نہ کیاجائے۔

تمام ڈویژنل کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت ہو کہ بچت بازاروں میں آٹا، گھی، چینی سمیت ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ فروٹ منڈیوں میں بھی مکمل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ اگر ریاستی رٹ صحیح طرح سے نافذ ہوگئی پورے ملک میں تو مہنگائی کی شرح میں دس فیصد تک نمایاں کمی آسکتی ہے۔