اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی اورنموکے راستے پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل فیڈریشن آف اکائونٹنٹس (آئی ایف اے سی) کی صدرآسما رسموکی سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی اشفاق یوسف تولہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔وزیر خزانہ نے آسما رسموکی کا خیرمقدم کیا اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کی پہلی مسلم خاتون صدر بننے پر انہیں مبارکباد دی۔ اقتصادی ترقی میں اکائونٹنٹس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بین الاقوامی معیار پر مبنی اعلی معیار کی کارپوریٹ رپورٹنگ پر زور دیا جو مالی وسائل کو متحرک کرنے اور بدعنوانی اور بدانتظامی کو کم کرنے میں مدد دینے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے ملک کے معاشی اور مالیاتی منظرنامے پر بھی روشنی ڈالی اور معاشی چیلنجوں پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی ونمو کی جانب گامزن کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ اسما ر سموکی نے اکائونٹنسی کے پیشے کے لیے ایک عالمی آواز کے طور پر آئی ایف اے سی کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تنظیم رکن تنظیموں کی نمائندگی، ترقی اور مدد کے ذریعے عوامی مفادات کی خدمت اورنگہبانی کر رہی ہے ۔
انہوں نے عالمی سطح پر معاشی چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس تناظر میں پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی اقتصادی پالیسیوں اور پروگراموں کو سراہا۔ اسما ر سموکی نومبر 2022 میں آئی ایف اے سی کی صدر بنیں۔ صدر بننے سے پہلے وہ نومبر 2017 سے آئی ایف اے سی بورڈ میں خدمات سرانجام دیتی رہیں۔ نومبر 2020 میں انہیں آئی ایف اے سی کی نائب صدر مقرر کیا گیا تھا۔۔