وزیرِ اعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ،کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی ،اس بات کا فیصلہ بدھ کو وزیراعظم کے زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا، جاری تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں منتقل کرنے پر اعلی سطحی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی چوری، عدم وصولیوں اور لائن لاسز کے نتیجے میں خسارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی.

اجلاس کو وفاق اور صوبوں میں بلوں کی وصولی کیلئے موجود انتظامی ڈھانچے کا موازنہ بھی پیش کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا نظام صوبوں کے حوالے  کرنا آئینی اقدام ہے. اس اقدام سے بلوں کی وصولی اور چوری کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نظام کی منتقلی کیلئے سب سے پہلے حکومتِ سندھ نے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا تھا،اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ  بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ملک میں بجلی چوری کرنے والے عناصر کا موثر سد باب کریں گے.

وزیرِاعظم  نے کہاکہ وفاق صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا،صوبوں کے پاس بجلی کے بلوں کی وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے،وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ بجلی کے گردشی قرضے کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا وزیر اعظم نے کہاکہ ،حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے کو کم کرنے کی حکمتِ عملی مرتب کر لی ہے،

اس مقصد کے لئے وزیرِ اعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی ،وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو جلد لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی. اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزرا اسحاق ڈار ، انجینئر خرم دستگیر، عابد حیسین بھائیو، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان، پنجاب اور بلوچستان کے چیف سیکٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔۔