عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں


اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی معاشی سست روی اور مختلف ملکوں میں شرح سود میں اضافے کے خدشات پر بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔

چین کی اقتصادی ترقی میں بہتری کے باوجود سرمایہ کار شرح سود میں ممکنہ اضافے سے تشویش میں مبتلا ہیں جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی ۔برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں ایک عشاریہ 10ڈالر کمی کے بعد 79عشاریہ 88ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ایک عشاریہ 15ڈالر کم ہونے کے بعد 73 عشاریہ 94ڈالر فی بیرل ہوگیا۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے روسی خام تیل کے ٹیسٹ کارگوز منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس حوالے سے وزارت پٹرولیم کے حکام نے کہا کہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ روسی خام تیل سے پٹرول، ڈیزل اور فرنس آئل کتنی مقدار میں نکلتا ہے۔حکام نے کہا کہ روسی ٹیم کی موجودگی میں خام تیل کو ریفائن کیا جائے گا اور ٹیسٹنگ کے بعد مارچ کے آخر میں روس سے تیل خریداری کے معاہدے کا امکان ہے۔