روس سے تیل کی خریداری کیلئے معاملات جلد طے پاجائیں گے، ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی خریداری کیلئے معاملات جلد طے پاجائیں گے، ٹرانسپورٹیشن اور شپمنٹ پر بات ہو رہی ہے کیوں کہ انکے ذخائر دور ہیں وہاں سے پاکستان تک 20 سے 25 دن لگ جاتے ہیں ، مارچ کے آخر تک ہماری طرف سے ڈیڈ لائن تھی اور جلد تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اپریل میں روس سے تیل خریدنے کا پہلا آرڈر دے دیا جائے گا جس کے بعد تسلسل سے پاکستان کو سستا تیل ملتا رہے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلوصارفین کیلئے کھانابنانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کویقینی بنایاجارہاہے جس میں صبح 6 سے 9 تک ، دوپہر 12 سے 2 تک اور شام 6 سے رات 9 تک گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔وزیرمملکت نے کہا کہ ملک کا قانون امیر،غریب سب کیلئے برابر ہونا چاہیئے نوازشریف کواپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرہٹایاگیا جبکہ عمران خان سب کو کہہ رہا ہے کہ میں طاقتور ہوں مجھ پر قوانین لاگو نہیں ہوتے۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کے دعوے میں بھی دہرامعیاررکھتے ہیں، وہ دوسروں کے بچوں کوجیل بھرنے کیلئے راغب کرتے ہیں، جبکہ خود گرفتاری سے ڈرتے ہیں ۔عمران خان نے سکولوں اورہسپتالوں کیلئے مختص250ملین ڈالرملک ریاض کودے کر فرد واحد کو نوازا اور اسکے بدلے میں 450 کنال زمین حاصل کی۔عمران خان لوگوں کواداروں کیخلاف استعمال کررہے ہیں اور ہجوم اکٹھاکرکے اداروں کومرعوب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عمران خان کسے کہہ رہے ہیں کہ بات کرنے کو تیارہوں جن کی طرف یہ اشارہ کر رہے ہیں انہیں کے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں ۔ مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان پولیس کے ڈر سے این آر او مانگ رہے ہیں، یہ عمران خان کی عادت ہے پہلے ڈراتے ہیں پھرمعافیاں مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس جب عدالت کے حکم پر عمران خان کو گرفتار کرنے جاتی ہے تو وہ ہیومن شیلڈ کا سہارا لے لیتے ہیں ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان لاٹھی لے کر ریاستی اداروں کو یرغمال بنا رہا ہے اور اداروں کے کام میں مداخلت کر رہا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو دیوالیہ بنوانے کے لئے خط لکھے انکو پاکستان سے نہیں اپنے اقتدار سے پیار ہے۔ یہ شخص پاکستانی عوام کو اپنے ہی اداروں کے خلاف اکسا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ جن کو ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے ان سے ہی بات کرنے کا کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو علم ہونا چاہیے کہ ملک میں لوگ روٹی کے لئے پریشان ہے جبکہ یہ شخص عوام کے لئے نہیں حصول اقتدار کے لئے این آر او مانگ رہا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا عمران خان نے اگر ملک کو آگے بڑھانے کے لئے بات کرنی ہے تو بالکل کرے اور اپنے رویے پر نظر ثانی کرے۔ عمران خان ملک میں جمہوریت کے لئے بات کرے ناکہ اپنے لئے اور ملک میں غربت کو ختم کرنے کے لئے ہمارے ساتھ بیٹھے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غریب عوام کو اداروں کے خلاف اکسانا بند کریں کیوں کہ یہ لڑائی ہمارے مستقبل اور بچوں کے لیے نقصان دہ ہے ۔