بلوچستان کا نوجوان بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہا ہے،سراج الحق


پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے بلوچستان کا نوجوان بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہا ہے۔

حکمرانوں کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر وہ کسی اور سانحہ کو دہرانا نہیں چاہتے تو صوبہ کے عوام کے مطالبات تسلیم کریں۔ پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے  سراج الحق نے کہا کہ حکمران جان لیں کہ اگر گوادر مظاہرین کے خلاف لاٹھی گولی کا استعمال کیا تو پورے ملک گوادر بنا دیں گے۔

پی ٹی آئی والے نااہل ہیں، مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں۔ ادارے دست و گریبان ہیں، ایوانوں میں مفادات پرآپس میں گتھم گتھا ہونے والا حکمران طبقہ آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف، امریکہ کے سامنے چوں نہیں کرتا۔

حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کاباب بند ہوگیا،پی ٹی آئی کو لانے والے بھی پچھتا رہے ہیں۔ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک تین سالوں میں تیس سال پیچھے چلا گیا۔ تمام بڑے شہر آلودگی اور گندگی کا ڈھیر بن چکے ہیں ۔

پشاور کے حالات سب سے بدتر ہیں۔ سالوں سے خیبرپختونخواہ پرمسلط حکمران جماعت نے صوبہ کے تمام اداروں اور انفراسٹرکچر کا بیڑہ غرق کردیا۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ صوبہ میں تین سو ڈیم بنائے ، مجھے دس کے نام بتادیں تو سچ تسلیم کرلوں۔ پشاور بی آر ٹی منصوبہ کو تین سال لٹکا کر شہر کے رہائشیوںکو مریض بنادیا۔ پشاور کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ میئر کے لیے جماعت اسلامی کے رہنما بحراللہ کا انتخاب کریں۔ شہر کے عوامی حقیقی تبدیلی کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔

جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ وہ پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرہے تھے۔ اس موقع پرپشاور میئر کے امیدوار بحراللہ اور ضلعی امیر عتیق الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ نائب قیم جماعت اسلامی محمد اصغر اور صدر جے آئی یوتھ کے پی صدیق پراچہ بھی اس  موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ گوادر کے عوام جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی رہنمائی میں چھبیس روز سے سڑک پر بیٹھ کر اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ سی پیک منصوبہ میں نوکریوں پر پہلا حق بلوچستان اور گوادر کے رہائشیوں کا ہے۔ مظاہرین غیر قانونی مچھلی کے شکار پر پابندی چاہتے ہیں۔

مظاہرین کہ رہے ہیں کہ جگہ جگہ چیک پوسٹس پر تلاشی کے نام پر ان کی تذلیل نہ کی جائے۔ گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین اپنے بچے اٹھا کر گواد کو حق دو تحریک کا حصہ بنیں اور مظاہرے کیے۔

انہوں نے کہا اتوار کوملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں بلوچستان کے حق میں مظاہرے ہوئے۔ حکمران جان لیں کہ گوادر کے مظاہرین کی بات سننا پڑے گی۔ آج پورے ملک کی عوام مولانا ہدایت الرحمن  بلوچ کی آواز میں آواز ملا رہی ہے۔ جماعت اسلامی بلوچستان کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت تباہ کردی۔ آج ملک کے ستر لاکھ نوجوان بے روزگاری اور غربت سے تنگ ہوکر نشہ کے عادی ہوچکے ہیں۔ دنیا میں پاکستان کے پاسپورٹ کی کوئی عزت نہیں رہی۔

سودی معیشت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، کرپشن اور ناقص امن وامان کی صورتحال پی ٹی آئی حکومت کے ٹریڈمارکس ہیں۔

قبل ازیں امیر جماعت نے سرگودھا میں نومنتخب ضلعی امیر اویس قاسم کی تقریب حلف برداری سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیرجماعت نے منتخب امیر اور دیگر ذمہ داران و کارکنان مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شعوری طور پر وہ راستہ چنا ہے جو اللہ کی حقیقی بندگی اور انسانیت کی فلاح کا ہے۔ جماعت اسلامی کی لڑائی سٹیٹس کو سے ہے۔

پی ٹی آئی ، ن لیگ اور پی پی تین نام ہیں مگر ان کا مقصد ایک ہی ہے کہ موجودہ کرپٹ نظام کو سہارا دے کر جاری رکھا جائے۔ سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل کرکے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا جماعت اسلامی کی منزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ظلم و ناانصافی پر خاموشی بذات خود ظلم میں شریک ہونا ہے۔

قوم جان لے کہ ظالم اشرافیہ ان کی خیرخواہ نہیں ہوسکتی۔ ہمیں ملک کر ان پرامن جہموری جدوجہد سے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرناہے۔