اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن( ر) صفدر نے کہا ہے کہ لیڈر لیڈر ہوتا ہے،گانے بھی گاتا ہے، ترانے بھی پڑھتا ہے، گانے گاتا بھی ہے اور تگنی کا ناچ بھی نچاتا ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دادی نانی دیساں دا راجہ گاتی تھیں، مریم نے گایا تو کیا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز جیسی لیڈر اور کوئی نہیں، بیٹے جنید کی شادی پر ووٹ کو عزت دو والا گانا چلے گا، شادی پر میں گانا بھی گاؤں گا، جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس سیکھا وہ بھی کروں گا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ شادی کا سادہ پروگرام رکھا ہے، جس میں صرف قریبی رشتے دار شریک ہوں گے، ون ڈش رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول شادی پر نہ بھی آئیں کوئی بات نہیں، وہ ہمارے دل میں ہیں، بلاول نہ بھی بلائیں ان کی شادی پر جاؤں گا کیونکہ کراچی میں پولیس مجھے نہیں پکڑے گی۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدرنے یہ بھی کہا کہ دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کو پہلی بیوی تنگ کرے، ہمارے گھر سکون ہے، میں 4 سال سے آئینِ پاکستان کی بات کر رہا ہوں۔
دوسری شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کو پہلی بیوی تنگ کرے، ہمارے گھر میں سکون ہے۔