بھاری بھرکم کابینہ کی کارکردگی صفر ، بھان متی کا کنبہ بے نقاب ہو چکا ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقتدار پر قابض بھان متی کا کنبہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ہر ادارہ کرپٹ افراد کی بھینٹ چڑھ چکا ہے ۔ایک طرف حکومت سادگی اپنائو توانائی بچائو پالیسی پر عمل پیرا ہے تو دوسری جانب حکمرانوں کی شاہ خرچیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔پی ڈی ایم کی حکومت نے ملکی تاریخ کی بھری بھرکم کابینہ مسلط کر دی ہے ۔جس کی کارکردگی تو صفر ہے لیکن قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نا مساعد حالات کی بدولت ملک کی ایک تہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ بین الاقوامی ادارے سیلاب کی وجہ سے غربت کی شرح میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود پر کام ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک و قوم کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے تو سیاست دانوں کو اپنے معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنا ہو نگے اور مداخلت کا سلسلہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہئے تاکہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہو سکے۔ملکی حالات دن بدن گھمبیر ہو رہے ہیں۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ ایک غیر سرکاری سروے کے مطابق ملک میں 60 فیصد پاکستانی بہتر مستقبل کی امید ختم کرچکے ہیں۔ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔

محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا، بجلی اور گیس کی مسلسل لوڈشیڈ نگ کے باعث ملک میں 300سے زائد ٹیکسٹائل ملز بند ہو چکی ہیں