گوادر دھرنا پر پولیس کریک ڈاؤن کی مذمت،غیر آئینی،غیر جمہوری رویہ اپنایا گیا۔لیاقت بلوچ،امیرالعظیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ گوادر کی صورت حال صرف بلوچستان ہی نہیں پورے ملک کے عوام کے لیے باعث تشویش ہے۔ مولاناہدایت الرحمن اور حسین وڈیلہ کی قیادت میں گوادر میں گزشتہ دو ماہ سے پرامن احتجاج جاری تھا کہ پیر کو حکومت نے مظاہرین پر کریک ڈائون کیا جس کی جماعت اسلامی پرزور مذمت کرتی ہے۔

منصورہ سے جاری مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ مسئلہ کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے تشدد کا راستہ اپنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے غیرآئینی و غیر جمہوری رویوں سے پہلے ہی بلوچستان میں محرومیاں بڑھ رہی ہیں۔ قبل ازیں حکومت اور گوادر کو حق دو تحریک کے رہنمائوں کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا لیکن حکومت نے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔وفود سے بات چیت کا سلسلہ جاری تھا کہ حکمرانوں کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ بزور طاقت لوگوں کو ان کے جائز مطالبات سے دستبردار کرانے کی روش انتہائی خطرناک ہے۔ کسی بھی جمہوری ملک میں اس طرح کے رویے حکومتوں کو زیب نہیں دیتے۔ انھوں نے کہا کہ گوادر کے عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دے رہے ہیں، ان کے حقوق پورے کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔