حکمرانوں نے قائد اعظم کے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے ،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ قائد اعظم، محمد علی جناح کے پاکستان کوحکمرانوں نے عملاً مسائلستان بنادیا ہے۔ تما م اسٹیک ہولڈز کو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے غیر متزلزل سیاسی بصیرت سے کام لینا ہوگا۔ حالات پر قابو پانا کسی ایک سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ افہام و تفہیم سے کام لیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم صرف اقتدار کے حصول کی جنگ میں مصروف ہیں۔ کسی کو بھی عوام کو درپیش مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ مردہ ضمیر لوگوں سے اقتدار چھین کر محب وطن اور ایماندار لوگوں کے سپرد کرنا ہوگا بصورت دیگر عوام کو درپیش مسائل سے نجات نہیں مل سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بانی پاکستان کے افکار کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ آج دنیا میں ہماری کوئی اہمیت ہی نہیں لوٹ مار اور کرپشن نے ہمیں دنیا کے سامنے بھیک مانگنے پرمجبور کردیا ہے۔ المیہ تو یہ ہے کہ جن لوگوں نے ملک و قوم کو اس نہج پر پہنچایا ہے وہی آج وفاق اور صوبوںمیں حکومت کررہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس نایاب ہوگئی ہے۔ لوگوں کو گیس دستیاب ہی نہیں۔ عوام پریشان ہیں ، بغیر ناشتے کے لوگ دفاتر جانے پر مجبور ہیں۔