دکی ، مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 20ہو گئی،7زخمی


دکی (صباح نیوز)بلوچستان کے علاقے دکی کی ایک مقامی کول کمپنی کی کوئلہ کانوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میںجاں بحق کان کنوں کی تعداد 20 ہو گئی جبکہ 7 زخمی ہیں ۔دکی کی ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ کول کمپنی پر حملے کے نتیجے میں 20 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہونے کے علاوہ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیئے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین دکی حاجی خیر اللہ ناصر نے کہا کہ حملہ آوروں نے حملہ میرے کوئلہ کانوں پر کیا ہے اور اس حملے میں ہینڈ گرینیڈ اور راکٹ سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایف سی کو 2 گھنٹے پہلے اطلاع دی گئی تھی لیکن ابھی تک کوئی نہیں پہنچا ہم اپنی مدد آپ کے تحت موقع سے لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کوئلے کی کانوں پر حملے میں اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر نے کہا ہے کہ مسلح افراد نے مزدوروں کو ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے فائرنگ کی ہے جبکہ حملہ آوروں نے کوئلہ کانوں کی مشینری کو بھی جلایا ہے۔

ایس ایچ او دکی کا کہنا ہے کہ لاشیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئیں، جاں بحق ہونے والے 20 مزدوروں میں سے 2 کا تعلق افغانستان، 3 کا پشین، ایک کا کچلاک، 4 کا قلعہ سیف اللہ، 3 کا ژوب اور ایک مزدور کا تعلق لورالائی سے ہے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 7 ہے جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام مزدور پشتون ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔