الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب نے 150مسیحی خاندانوں کوونٹرپیکج فراہم کیا

راولپنڈی ( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب نے مسیحی کمیونٹی کی خوشی کے موقع پر ان کے 150مستحق خاندانوں کوفوڈ اور ونٹرپیکج فراہم کیا ،لالکرتی راولپنڈی کینٹ میں منعقد ہ تقریب کے مہمان خصوصی ریجنل صدرالخدمت رضوان احمد تھے۔

اس موقع پرپاسٹرعمران شوکت، ضلعی نائب صدرالخدمت ملک محمدیعقوب ،زونل صدرالخدمت پی پی14ندیم شیراز،کرن پیٹر،عبدالودود غازی ،صدراہل کتاب ونگ پی پی 14انورمسیح گل ،خالدوڑائچ سمیت دیگرنے تقریب میں اظہارخیال کیا۔رضوان احمد نے کہاکہ حالیہ سیلاب کی آزمائش کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارسب سے پہلے متاثرین کی امدادکے لیے پہنچے 15ارب مالیت سے متاثرین کی خدمت کی 60ہزارسے زائدبے لوث رضاکاروں نے خدمات سرانجام دیں ۔

انھوں نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن مذہب ،رنگ ،مسلک سے بالاترصرف انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے جب بھی پاکستانی قوم پرآزمائش اور مصیبت آئی ہم نے کسی تفریق کے بغیرقوم کی خدمت کی ۔رضوان احمد نے کہاکہ سیلاب کے نتیجے بڑی تعداد آرفن بچوں کی ہے الخدمت نے ان سب آرفن بچوں کی کفالت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کاآغازکردیا ہے الخدمت آرفن پروگرام دوچارسال نہیں بلکہ 18سال تک بچے کی کفالت کرتاہے تعلیم ،خوراک ،میڈیکل سمیت دیگرسہولیات فراہم کی جاتی ہیں،

ان آرفن باہمت بچوں کی مائوں کوبھی بلاسود قرض سمیت دیگرسہولیات فراہم کی جاتی ہے اس وقت الخدمت فائونڈیشن 18ہزارآرفن بچوں کی کفالت کررہی ہے ۔مقررین نے کہاکہ خوشی اور مصیبت کے وقت ہمیشہ الخدمت سب سے پہلے ہم تک پہنچی۔