اسلامی جمعیت طلبہ کے 75سال مکمل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے اپنے 75سال پورے کر لئے ہیں ۔گولڈن جوبلی کے موقع پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اسلامی جمعیت طلبہ کا ماضی شاندار اور مستبقل تابناک ہے۔یہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ اپنے بنیادی نظریے کے ساتھ کھڑی ہے ۔اس نے طلبہ کو منظم کر کے انہیں سیاسی شعور عطا کیا اور ملک و قوم کے لئے سیاسی نرسری کا کردار بخوبی ادا کیا ہے ۔دعا کرتے ہیں کہ اسلامی جمعیت طلبہ اپنا کردار ایسے ہی سر انجام دیتی رہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا ۔ انہوںنے ملک کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جو پتلی تماشاہورہا ہے ، اس سے عوام کو تو کچھ حاصل نہیں ہو گا البتہ صوبے میں آئینی بحران پہلے سے زیادہ سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا ۔ حکمرانوں نے 11کروڑ عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ اقتدار کی ہوس میں ڈوبا ہوا ٹولہ نہیں چاہتا کہ عوام کے مسائل حل ہوں۔ معاشی حالات سنگین ہوچکے ہیں جبکہ حکمرانوں کی جانب سے غیر سنجیدہ طرز سیاست کا انجام بھیانک ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک و قوم آئندہ انتخابات میں حقیقی نمائندوں کو منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ حکمرانوں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

ایک طرف مالی سال 2021-22کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شرح نمو اہداف سے کم ہونے کے باعث ملک بھر میں مہنگائی میں 20فیصد تک اضافہ ہوگا، جبکہ دوسری طرف سیاسی انتشار کے باعث ڈالر مہنگا اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ داروں کے 58ارب ڈوب چکے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ توانائی بحران کو جواز بنا کر 8بجے کاروبار بند کرنے کے احکامات سے لاکھوں لوگ متاثر ہوںگے۔ وزراء اپنی ناکام چھپانے کے لیے یورپ کی مثالیں دے رہے ہیں۔ ثابت ہوچکا ہے کہ حکمران محض ڈنگ ٹپائو اقدامات کرکے وقت گزار رہے ہیں۔ کسی ایک کو بھی عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔