امیر العظیم کی رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید پر کراچی کے لیاری جنرل ہسپتال میں حملہ اور تشدد کی پرزور الفاظ میں مذمت

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید پر کراچی کے لیاری جنرل ہسپتال میں حملہ اور تشدد کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں امیر العظیم نے کہا کہ غنڈا عناصر کی جانب سے جماعت اسلامی کے لیاری سے منتخب رکن اسمبلی پر ہسپتال میں بہیمانہ تشدد کیا گیا، ان کے کپڑے پھاڑے گئے اور انھیں محبوس رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں غنڈا راج کی انتہا ہوچکی ہے، عوام حتیٰ کہ رکن اسمبلی تک محفوظ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی لوٹ مار کے خلاف بات کرنے پر سید عبدالرشید پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہے گی۔