کرپشن ،نااہلی ،بد انتظامی نے پاکستان کو رسوا کر کے رکھ دیا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ،ریاستی اداروں نے ملک کی سیاست کو مینج کرنے کا راستہ اختیار کر کے محب وطن ،دیانت دار قیادت کا راستہ روکا ہے ۔آج حکمران ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے چائنہ،سعودی عرب ،امارات اور عالمی مالیاتی اداروں پرہر شرط پر بھیک مانگنے کے لیے منت سماجت کر رہے ہیں لیکن ہم پر کوئی ملک اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 168 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری ،امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری،جنرل سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ،احمد بلال پی پی 168 سے جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی احمد سلمان بلوچ،جبران بن سلمان بٹ ودیگر بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج پاکستان اپنی تمام تر صلاحیتوں کے باوجود بحران در بحران سے دو چار ہے ۔ سیاست،سماج،معیشت ،اقتصادی نظام تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے ۔ایسا ملک جو زرعی ہو اوورسیز نوجوان اس کی بڑی طاقت ہیں لیکن کرپشن ،نااہلی ،بد انتظامی نے پاکستان کو رسوا کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں مارشل لا اور اقتدار پر با اختیار نظام پر تصورکرنے والے حکمران ناکام ہوئے تو پھر اسٹیبلشمنٹ نے تبدیلی کا نعرہ لگوا کر نئے لوگوں کے اقتدار کو پروان چڑھایا لیکن وہ بھی ناکام ہو گئے۔

انہوں نے کہا عوام نے ہر ایک کو ان کے نعروں ،بیانوں کو آزما کر دیکھ لیا کہ یہ ڈیلیور نہیں کر سکتے اب اس ملک کے حقیقی مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے جس کی قیادت امانت،دیانت،محب وطن اور ملک کی حقیقی جمہوری جماعت ہے اور جس کی قومی خدمت کا ہر کوئی معترف ہے۔

ورکرز کنونشن سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر محمد جاوید قصوری،ضیا الدین انصاری ،خالد احمد بٹ،احمد سلمان بلوچ نے بھی خطاب کیا اور آخر میں کارکنان کے اعزاز میں پر تکلف ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا۔