سیالکوٹ جیسے واقعات ناقابل قبول، نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینا ہوگا، شیریں مزاری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے سیالکوٹ واقعے کے بعد نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوا،اب وقت آگیا ہے کہ ریاست ایسے واقعات پر سخت ایکشن لے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعدپارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے کا دن پوری قوم کیلئے شرمناک تھا کیونکہ اسلام امن اور برداشت کا مذہب ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ریاست ایسے واقعات پر سخت ایکشن لے، ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں۔

شیریں مزاری نے کہاکہ اب ہمیں دوبارہ اپنے قوانین کا جائزہ لینا ہے، جائزہ لینا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کہاں عملدرآمد نہیں ہوا، ابھی تک نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوا، کابینہ اجلاس میں بحث کے بعد واضح پالیسی نکلے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویزخٹک نے اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے جبکہ اپوزیشن مولانا فضل الرحمان کے بیان اور ان کی قیادت سے اظہار لاتعلقی کرے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں، کیا پوری پی ڈی ایم مولانا کے بیان سے متفق ہے۔