میں کوئی درخواست نہیں کر رہا سنجیدہ ہوں، ٹیکس سب نے دینا ہے، وزیر خزانہ


اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ میں کوئی درخواست نہیں کر رہا، سب کو ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔وزیر خزانہ نے اتوار کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)اور دیگر مالیاتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے، امریکا میں ایشین ڈیویلیپمنٹ بینک، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین ، ترکیہ، برطانیہ کے وزرائے خزانہ کے ساتھ مفصل گفتگو ہوئی جب کہ امریکا میں موڈیوز ، فچ اور دیگر ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مثبت گفتگو ہوئی، ان ملاقاتوں میں گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ بھی موجود رہے۔محمد اورنگزیب کاکہناتھاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، معیشت کی بہتری کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، وزیراعظم کی قیادت میں بہتری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، مہنگائی اور سود کی شرح کم ہوئی، زرمبادلہ کے ذخائر دو ہفتوں سے ڈھائی ماہ کے کوور پر چلے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے معاملے پر ہم بہت سنجیدہ ہیں، چاہے مینوفیکچرنگ سیکٹر ہو یا سیلری کلاس سب سے حصہ لینا ہے، یہ درخواست نہیں ہے بلکہ یہ ہم نے کرنا ہے، اس معاملے پر واپسی نہیں، میں بالکل کلیئر ہوں۔