پاکستان میں ایکسپائرڈ ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے قانونی ایگزیٹ کیلئے آخری موقع


اسلام آباد(صباح نیوز)وزارتِ داخلہ پاکستان نے ملک میں زائد المیعاد ویزوں کے باوجود قیام پذیر غیر ملکیوں کے لئے عام رعایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پاکستان سے قانونی ایگزیٹ کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔

نجی ٹی  وی کو وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت زائد از مدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے۔

ایسے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2022 کے بعد 1 سال سے زائد مدت ویزے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اور پاکستان میں آئندہ انٹری کے لیے ایسے غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایسے غیر ملکیوں کو 31 دسمبر 2022 سے پہلے پہلے پاکستانی حکام سے ایگزیٹ پرمٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ۔

ایسے غیر ملکی پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (POVS) کے ذریعے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے زائد المیعاد ویزے والے شہریوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں جا کر درخواست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام غیر ملکیوں کو ایگزیٹ پرمٹ کے حصول کے لیے کوئی اضافی چارجز نہیں دینا ہوں گے اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔