عمران خان کا لانگ مار چ ماضی کی طرح بے نتیجہ رہا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی،صدر قائمہ کمیٹی سیاسی، قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا،  لانگ مار چ ماضی کے لانگ مارچ کی طرح بے نتیجہ ہی رہا،ابھی تو قومی اسمبلی کے استعفے ہی تکمیل کے مراحل میں ہے،پنجاب اسمبلی  توڑنے، استعفے دینے کا مرحلہ آسان نہ ہوگا۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی معاشی بحران پہلو بدلتے عروج پر ہیں،پاک فوج قیادت کی تبدیلی کا اچھا عمل سیاسی بحران ختم نہیں کرسکتا ،ڈائیلاگ کے ذریعے ہی  متفقہ تاریخ کے مطابق شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات سے بحرانوں کا خاتمہ ممکن ہے،عمران خان نے بعد از خراب بسیار اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کردیا ،ابھی تو قومی اسمبلی کے استعفے ہی تکمیل کے مراحل میں ہے،پنجاب اسمبلی  توڑنے، استعفے دینے کا مرحلہ آسان نہ ہوگا،سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں میں بھی استعفوں کے لاحاصل ایکسرسائز ہونگے،خیبر پختونخوا بھی استعفوں کے بعد نئے بحران کی بنیاد بنے گا،اسی کشمکش میں آئینی مدت میں نئے انتخابات کا مرحلہ آجائے گا،انتخابی اصلاحات، اسٹیبلشمنٹ کی بے دخلی اور شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات کے لئے سیاسی جمہوری قوتوں کی اتفاق رائے کے بغیر انتخابات نئے فساد، تباہی و بربادی کا دروازہ کھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا،  لانگ مارچ اپنے انجام کو پہنچا، ماضی کے لانگ مارچ کی طرح بے نتیجہ ہی رہا،سیاست دانوں کی مہارت، اہلیت اور سیاسی قابلیت کا محاذ ڈائیلاگ کا میز ہی ہے ۔

لیاقت بلوچ نے لاہور میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ملک میں معاشی بحران بڑھ رہا ہے، قرضوں کا بوجھ ناقابل برداشت ہو چکا ہے،سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل بے حسی کا شکار ہے،دوست ممالک اور امداد دینے والے ادارے بھی پاکستان کی مدد میں پس و پیش کا مظاہرہ کررہے ہیں،شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے سیاسی جمہوری قیادت انتخابی اصلاحات اور متناسب نمائندگی کے طرز انتخاب پر اتفاق کرلیں.عام غریب آدمی بڑی کسمپرسی کا شکار ہے ،سیاسی جلسوں میں کروڑوں، اربوں روپے جھونکے جارہے ہیں لیکن سیاسی بحرانوں اور الجھاؤ کی ڈور کا سرا تلاش نہیں کیا جارہا،تمام سیاسی سرگرمیاں اور جدوجہد کار لاحاصل بن رہی ہیں،بحرانوں کا خاتمہ اور پاکستان کا استحکام ہی احتجاجی سیاست کا حاصل ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کا ناجائز استعمال کررہے ہیں،ان کا طرزعمل محلاتی سازشوں کے طریقہ واردات کو مزید پختہ کررہا ہے،جماعت اسلامی آئین، قانون اور قرآن و سنت کی بالادستی کی جدوجہد جاری رکھے گی،ترازو نشان اسلامی اور خوشحال پاکستان کی نوید بنے گا۔